Here is what others are reading about!

جشن وغیرہ وغیرہ

آپ میں سے اکثریت کو میرا نام معلوم نہیں ہو گا ۔چلیں آج لگے ہاتھوں اِسم کُشائی بھی ہو جائے ۔ میرا پُورا نام ہے عبادالرحمان ۔ گاؤں اور گھر والے بادی کہتے ہیں اور یار لوگ عباد۔

میرے بے تکلف ترین دوست کا نام عابی ہے ۔میری ترو تازہ اور شگفتہ طبیعت کے برعکس عابی انتہائی چڑچڑا اور آدم بیزار شخص ہے ۔قسم لے لیں سلام کا جواب بھی ایسے دے گا جیسے اُسے سلام نہیں کیا گیا اُدھار واپس مانگا گیا ہے ۔

عابی اچھا دوست ہے میرا لیکن بکواس بہت کرتا ہے ۔مغرب کا پُوچھو مشرق کی ہانکنے لگتا ہے ۔

اگست آزادی کا مہینہ ہے ۔پُوری قوم جشن مناتی ہے اور یہ ناشُکرا اِس مبارک مہینے میں بھی نیند کی گولیاں پھانک کر خوابِ خرگوش کے مزے لُوٹتا ہے ۔

میں نے پُوچھا ٹینشن کیا ہے بھائی !! ؟؟

کہنے لگا کونسی آزادی کیسی آزادی بھائی !!؟؟

میں بھی فارم میں تھا سوچا آج اس بُقراط کے ڈھانچے کی ہڈی پسلی ایک کر کے ہی چھوڑوں گا ۔

چل میرے یار میں بتاتا ہوں تُجھے !!کہ کونسی آزادی اور کیسی آزادی !!؟؟

یہ بتا اِس پاک وطن ،سوہنی دھرتی ،مُلکِ خداداد میں !!!!

بندہ مارنے یا بندہ مروانے پر کوئی پابندی ہے !!! ؟؟؟

بولانہیں !!

رشوت لینے یا دینے پر کوئی قدغن !! ؟؟

نہیں بھائی !!

ڈاکہ ڈالنے یا چوری میں کوئی مُشکل !! ؟؟

نہیں جی !!

گاڑی چھیننے یا جلانے میں کوئی رکاوٹ !! ؟؟

نہ !! نہ !!

اشیائے خوردنی میں مِلاوٹ کوئی مسئلہ !! ؟؟

نہ جی !!

فی ڈرون فی قسط ڈالرانہ معاہدہ !!؟؟

معیشت ہے جی !!

کسی بھی قسم اور معیار کی تعلیم فروشی پر کوئی نگرانی !! ؟؟

بالکل بھی نہیں !!

تھانے سے قاتل چھڑوانا اور جیل میں بے گناہ کو دھکیلنا!! ؟؟

بائیں ہاتھ کا کھیل ہے !!

کسی لاچار و مجبور و پاک دامن و عفیفہ کو عصمت فروشی کے دھندے میں گھسیٹنے والوں کو کوئی خوف !! ؟؟

نہ صاحب !!

وغیرہ وغیرہ !!

تو عابی جی !! اور کتنی اور کیسی آزادی چاہیے آپ کو !!

ہوں !!!

ہنکارا بھرتے ہوئے عابی ایک جھٹکے سے اُٹھا ۔

کدھر میرے یار !!

یار آج تُو نے میری آنکھیں کھول دِیں۔

نیند کی گولیاں کُوڑے دان میں پھینکنے جا رہا ہوں !!

اور ہاں تُو جب جشنِ آزادی کے لیے سامان خریدنے جائے تو مجھے بھی بتانا میں بھی چلوں گا !!

(Visited 892 times, 1 visits today)

Aabi Makhnavi is prolific writer and a famous poet based in Karachi. He’s areas of interests are social issues, literature and current affairs.

Leave a Reply

Got It!

اس ویب سائٹ کا مواد بول پلاٹون کی آفیشل رائے کی عکاسی نہیں کرتا. مضامین میں ظاہر معلومات اور خیالات کی ذمہ داری مکمل طور پر اس کے مصنف کی ہے